منگل 14 جولائی 2026 - 01:33
جامعہ جعفریہ جنڈ کے طلاب کی قائد ملت جعفریہ پاکستان سے ملاقات / قائد ملت کی علم، اخلاص اور عملی کردار پر تاکید

حوزہ / جامعہ جعفریہ جنڈ کے طلاب نے قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی سے قم المقدس میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر طلاب نے قائد ملت جعفریہ کو خوش آمدید کہا اور حوزات علمیہ ایران میں جامعہ جعفریہ جنڈ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی علمی سرگرمیوں اور تعلیمی صورتحال سے آگاہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جامعہ جعفریہ جنڈ کے طلاب نے قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی سے قم المقدس میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

ملاقات کے آغاز میں جامعہ جعفریہ کے سینئر طالب علم حجت الاسلام والمسلمین سید عقیل عباس نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ کی علمی، دینی اور قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا: حوزات علمیہ ایران میں جامعہ جعفریہ کے زیر تعلیم طلبہ ملت جعفریہ پاکستان کی علمی و تبلیغی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کے ساتھ مصروفِ تحصیل ہیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے علم دین کے حصول میں اخلاص، محنت، استقامت اور خالصتاً رضائے الٰہی کے لیے جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا: طالب علمی آپ کی زندگی کا نہایت اہم اور فیصلہ کن مرحلہ ہے، جس سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے کیونکہ یہی دور مستقبل کی علمی، دینی اور سماجی ذمہ داریوں کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

جامعہ جعفریہ جنڈ کے طلاب کی قائد ملت جعفریہ پاکستان سے ملاقات / قائد ملت کی علم، اخلاص اور عملی کردار کی اہمیت پر تاکید

انہوں نے کہا: صرف زبانی طالب علم ہونا یا مولانا کہلانا کافی نہیں بلکہ حقیقی کامیابی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب انسان علومِ دینیہ کے حصول میں زحمت کرے، علوم و معارف پر گہری دسترس حاصل کرے، ان پر عمل کرے اور انہیں معاشرے کی اصلاح، امت کی رہنمائی اور دین کی خدمت کے لیے بروئے کار لائے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا: ایک عالم دین کی ذمہ داری محض معلومات کا حصول نہیں بلکہ اپنے کردار، اخلاق، تقویٰ اور خدمتِ خلق کے ذریعے معاشرے کے لیے عملی نمونہ بننا بھی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنی علمی استعداد میں مسلسل اضافہ کریں، تحقیق و مطالعہ کو اپنا معمول بنائیں اور حوزوی تعلیم کے تقاضوں کو مکمل سنجیدگی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ پورا کریں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حوزات علمیہ ایران میں زیر تعلیم پاکستانی طلاب مستقبل میں وطن واپس جا کر دین اسلام، مکتب اہل بیت علیہم السلام اور ملت جعفریہ کی مؤثر انداز میں خدمت انجام دیں گے اور علمی و فکری میدان میں معاشرے کی رہنمائی کا فریضہ احسن انداز سے ادا کریں گے۔

ملاقات کے اختتام پر طلاب نے قائد ملت جعفریہ پاکستان کی قیمتی نصیحتوں اور رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے تمام طلبہ کی علمی کامیابی، دینی توفیقات اور صحت و سلامتی کے لیے دعا کی۔

جامعہ جعفریہ جنڈ کے طلاب کی قائد ملت جعفریہ پاکستان سے ملاقات / قائد ملت کی علم، اخلاص اور عملی کردار کی اہمیت پر تاکید

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha